بیجنگ،9/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جاپان کے جنوب مغربی شہر ناگاساکی پر امریکا کی طرف سے ایٹم بم گرائے جانے کے واقعے کو آج 72برس مکمل ہو گئے ہیں۔ مقامی وقت کے مطابق عین گیارہ بج کر دو منٹ پر ہزاروں افراد نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے اس افسوسناک حملے کی یاد تازہ کی اور ہلاک شدگان کو خراج عقیدت پیش کی۔ نو اگست سن 1945کے روز اسی وقت اس شہر پر ایٹم بم گرایا گیا تھا۔ اس حملے میں 74,000شہری مارے گئے تھے جبکہ اس واقعے سے تین دن قبل امریکا نے ایک اور جاپانی شہر ہیروشیما پر دنیا کی تاریخ کا پہلا ایٹم بم حملہ کیا تھا۔ بدھ کی صبح منعقدہ تقریب میں جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کے علاوہ شہر کی میئر اور بم حملے میں بچ جانے والے چند افراد نے بھی شرکت کی۔